
اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری، دونوں شہروں کے درمیان جدید اور تیز رفتار ریل سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ اس منصوبے کے تحت شہری صرف 20 منٹ میں دونوں شہروں کے درمیان سفر کر سکیں گے جس سے وقت اور ایندھن کی بچت کے ساتھ ٹریفک کے دباؤ میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں منصوبے پر تفصیلی غور کیا گیا جس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ اسلام آباد کے مارگلہ اسٹیشن سے راولپنڈی صدر اسٹیشن تک ریل منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے گا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ٹریک کی فراہمی وزارتِ ریلوے کرے گی جبکہ ٹرین سروس کا انتظام سی ڈی اے کے سپرد ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ جدید اور تیز رفتار ٹرینیں درآمد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ منصوبے کے فریم ورک ایگریمنٹ کو آئندہ ہفتے حتمی شکل دے دی جائے گی۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ یہ عوامی فلاح کا بہترین اقدام ہے جس سے شہری آسان اور تیز سفر کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیراعظم کے عوامی ریلیف ویژن کا عکاس ہے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کے مطابق یہ ٹرین سروس کم خرچ اور جدید سفری سہولت فراہم کرے گی اور سڑکوں پر ٹریفک دباؤ نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ریلویز، چیئرمین سی ڈی اے، کمشنر راولپنڈی، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔