
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے وزیراعلیٰ پنجاب کے تقریر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چند دنوں میں جو بیانات آئے ہیں وہ کسی صورت مناسب نہیں۔منگل کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سید نوید قمر نے کہا کہ ’ہمیں وزیراعلٰی پنجاب کی تقریر پر افسوس ہوا، دریائے سندھ پورے ملک کا ہے اور اس سے پورا ملک فائدہ اٹھاتا ہے۔‘تاہم سید نوید قمر کے نکتہ اعتراض کے جواب میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ’ہم معذرت خواہ ہیں اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے۔‘پیر کو وزیراعلٰی مریم نواز نے اپنی حکومت کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کی جانب سے نہروں پر تنقید کا سخت جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’میرا پانی، میرا صوبہ اور میرے وسائل ہیں، آپ کو اس سے کیا مسئلہ ہے۔‘قومی اسمبلی میں سید نوید قمر نے مزید کہا کہ ’ہمارے مشورے کو تنقید کے طور پر لیا جا رہا ہے۔ یہ کہنا کہ ہمارا پانی ہماری مرضی، یہ درست رویہ نہیں۔‘انہوں نے کہا کہ ان حالات میں ہمارے لیے مشکل ہو رہا ہے کہ ہم حکومتی بینچوں پر بیٹھے رہیں، اگر عزت سے ہماری بات سنی جائے تو ہم ساتھ دیں گے۔وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ’مسلم لیگ ن اور پی پی پی کے درمیان اختلاف رائے گھر کی بات ہے، ہمارا اتحاد نظریاتی ہے۔‘سید نوید قمر کے نکتہ اعتراض کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’ہم معذرت خواہ ہیں کہ اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے۔‘انہوں نے کہا کہ ’سیاست میں گرمی سردی چلتی ہے، یہ لفظی جنگ ہے اور سیاست میں ایسا ہوتا ہے، ہم گھرمیں بیٹھ کر یہ مسئلہ حل کریں گے، ہم جمہوریت اورملک کو مضبوط کریں گے، ہمارا اتحاد نظریاتی اور نیک نیتی کی بنیاد پر ہے اوریہی وجہ ہے کہ ہمیں سعودی عرب سے اقوام متحدہ تک کامیابیاں مل رہی ہے۔‘