
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی اور سندھ کے مختلف علاقوں میں آج دوپہر کے بعد آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے، جب کہ بعض مقامات پر تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ بھارتی گجرات پر موجود ہے جسے بحیرہ عرب سے نمی مل رہی ہے۔ یہ سسٹم شدت اختیار کرکے ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے اور کل تک شمالی بحیرہ عرب میں داخل ہونے کا امکان ہے اس دوران سمندر میں طغیانی بھی آسکتی ہے۔
ادارے کے مطابق ٹھٹہ، بدین، سجاول، تھرپارکر، مٹھی، عمرکوٹ اور میرپور خاص سمیت زیریں سندھ کے کئی اضلاع آج اور کل اس موسمی سسٹم کے زیر اثر رہیں گے۔ کراچی میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زائد رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور بارش برسنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے جنوبی اور جنوب مشرقی سندھ میں آج رات سے 2 اکتوبر تک مختلف مقامات پر بارش اور آندھی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز ہوا اور آسمانی بجلی سے کچے مکانات، بجلی کے پولز، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان بھی بحیرہ عرب کی طرف بڑھ رہا ہے جس کے اثرات کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں پر پڑ سکتے ہیں۔
ادھر ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور پنجاب میں موسم خشک، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع صاف اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گرمی برقرار رہے گی۔ کشمیر میں خشک جبکہ گلگت بلتستان میں جزوی ابرآلود موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔