
"میرے لیے سب سے مشکل موضوع ہمیشہ طلاق رہا ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ میری زندگی کے سارے خوف اسی دن سے شروع ہوئے جب میں نے یہ قدم اٹھایا۔ میں پہلے بہت مضبوط تھی، لیکن جب میں نے اپنی ذہنی سکون کے لیے یہ فیصلہ کیا تو کسی نے میرا ساتھ نہیں دیا۔ میرے گھر والے میرے خلاف تھے، مگر میں نے خود پر بھروسہ کیا کہ اکیلی سب کچھ سنبھال لوں گی اور میں نے کیا بھی۔ لیکن اس عمل نے میرے اندر ایک ایسا خوف پیدا کر دیا، ترک کیے جانے کا خوف۔ اب میں اپنے قریبی لوگوں کو کھونے سے خوفزدہ رہتی ہوں۔ میں ان کے لیے اتنی نرم ہو جاتی ہوں کہ اپنی عزتِ نفس بھول جاتی ہوں۔ لوگوں کو خوش کرنے کی کوشش میں خود کو ہی کھو دیتی ہوں۔ یہ خوف آج بھی میرے ساتھ ہے، میں اس سے آزاد نہیں ہو پائی۔"
پاکستانی اداکارہ شرمین علی نے حال ہی میں اپنی زندگی کے سب سے ذاتی اور تکلیف دہ پہلو پر کھل کر بات کر کے سب کو حیران کر دیا۔ باوقار، خوبصورت اور سنجیدہ شخصیت کی حامل شرمین ان دنوں ڈرامہ "پل دو پل" میں اپنی بہترین اداکاری سے ناظرین کو متاثر کر رہی ہیں۔ مگر اس بار وہ اسکرین پر نہیں، بلکہ مارننگ شو میں اپنی زندگی کی حقیقت بیان کرتے ہوئے سب کے دل چھو گئیں۔
شرمین نے صاف گوئی سے بتایا کہ طلاق ان کے لیے ایک فیصلہ نہیں بلکہ ایک جنگ تھی ایسی جنگ جس نے انہیں باہر سے نہیں بلکہ اندر سے بدل دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ انہوں نے اپنی ذہنی سکون کے لیے رشتہ ختم کیا، لیکن اس کے بعد ان کے اندر ایک ایسا خلا پیدا ہو گیا جو آج تک پُر نہیں ہو سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب وہ رشتوں میں حد سے زیادہ جذباتی ہو جاتی ہیں، کسی کو کھونے کا خیال بھی انہیں توڑ دیتا ہے۔ اسی لیے وہ دوسروں کو خوش رکھنے کے لیے خود کو پسِ پشت ڈال دیتی ہیں۔ شرمین کے اس اعتراف نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی، جہاں لوگوں نے ان کی ایمانداری، ہمت اور سچائی کو سراہا۔
ایک صارف نے لکھا، "شرمین نے آج ہر اُس عورت کا درد بیان کیا ہے جو خاموشی سے اپنی ٹوٹی ہوئی دنیا سنبھال رہی ہے۔"
واقعی، ان کی باتیں یہ یاد دلاتی ہیں کہ کبھی کبھار خود کو بچانے کے لیے بکھرنا بھی ضروری ہوتا ہے۔