
ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والا کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر سمندر میں جا گرا جس کے نتیجے میں دو گراؤنڈ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ طیارے میں سوار چاروں عملے کے افراد محفوظ رہے۔
تفصیلات کے مطابق کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران توازن برقرار نہ رکھ سکا۔ طیارہ اچانک بائیں جانب مڑ گیا اور رن وے پر موجود ایک سیکیورٹی گاڑی سے ٹکرا گیا جس کے بعد دونوں سمندر میں جا گرے۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سمندر سے چاروں عملے کے افراد کو بحفاظت نکال لیا تاہم دو گراؤنڈ اسٹاف اہلکار ہلاک ہو گئے، حادثے کے نتیجے میں طیارہ دو حصوں میں تقسیم ہو گیا، ہانگ کانگ ایئر ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن اتھارٹی کے مطابق پائلٹ نے لینڈنگ سے قبل کوئی تکنیکی مسئلہ رپورٹ نہیں کیا تھا۔
حادثے کے بعد شمالی رن وے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا جبکہ دیگر دو رن ویز پر پروازوں کی آمد و رفت جاری ہے۔ ایئرپورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ کم از کم 11 کارگو پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
امارات ایئرلائنز نے تصدیق کی کہ حادثے کے وقت طیارے میں کوئی کارگو موجود نہیں تھا اور تمام عملہ محفوظ ہے۔ بوئنگ 747 طیارہ 32 سال پرانا تھا اور اسے مسافر طیارے سے فریٹر میں تبدیل کیا گیا تھا۔