
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پارٹی کے ممبرانِ اسمبلی کو نومبر میں ممکنہ کال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی وقت بانی پی ٹی آئی کی جانب سے حتمی کال دی جا سکتی ہے اس لیے تمام ارکان ابھی سے اپنی تیاریاں شروع کریں۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ہونے والے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ارکانِ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بار معاملہ مختلف ہوگا سخت فیصلے لینے ہوں گے اور اس کے لیے سب کو متحد ہونا پڑے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ نومبر عمران خان کی ممکنہ کال کا مہینہ ہو سکتا ہے لہٰذا ارکان کو اپنے حلقوں میں رابطے تیز کرنے اور متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس کے دوران کابینہ کی تشکیل سے متعلق سوالات پر سہیل آفریدی نے کہا کہ کابینہ کی حتمی منظوری کا اختیار صرف عمران خان کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں موجود تمام 90 حکومتی ارکان کو کابینہ میں شامل نہیں کیا جا سکتا زیادہ سے زیادہ 30 ارکان شامل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ جو ارکان کابینہ میں شامل نہیں ہوں گے انہیں بھی پارٹی کے لیے متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیاسی صورتحال، پارٹی نظم و ضبط اور آئندہ حکمتِ عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔