
سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل اور معروف دینی و سیاسی رہنما حضرت مولانا محمد خان شیرانی نے 92 سال کی عمر میں نکاح کرلیا۔نکاح کی یہ سادہ اور پُرمسرت تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں قریبی رفقاء، علمائے کرام اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق مولانا محمد خان شیرانی کا نکاح گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی خاتون سے ہوا۔ تقریب مکمل طور پر اسلامی روایات اور سادگی کے ساتھ انجام پائی۔
ملک بھر کے مذہبی و سماجی حلقوں نے مولانا شیرانی کو ازدواجی زندگی کے آغاز پر دلی مبارکباد دی ہے اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
علمائے کرام کا کہنا ہے کہ مولانا محمد خان شیرانی کا یہ نکاح شریعتِ مطہرہ کے مطابق ایک مثبت مثال ہے جو عمر کی قید سے بالاتر ہو کر سنتِ نکاح کو زندہ رکھنے کی ترغیب دیتا ہے۔
واضح رہے کہ مولانا شیرانی کا شمار پاکستان کے ممتاز دینی و سیاسی رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ وہ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین رہ چکے ہیں اور قومی سیاست میں متعدد اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔