
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی پہلی گوگل کروم بُک اسمبلی لائن کا افتتاح کیا جسے انہوں نے ملک کے ڈیجیٹل سفر کا تاریخی لمحہ قرار دیا۔
اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مقامی سطح پر گوگل کروم بُک کی تیاری سے ڈیجیٹل ٹولز کی سستی دستیابی ممکن ہوگی جس سے خاص طور پر تعلیم کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ روزگار کی فراہمی، سپلائی چین کے فروغ اور مستقبل میں ٹیکنالوجی کی برآمدات کے لیے ایک صنعتی سنگِ میل ثابت ہوگا۔
نائب وزیرِ اعظم نے بتایا کہ گوگل کے ساتھ ایک اسٹریٹجک ایم او یو کے تحت ملک بھر میں ایک لاکھ ڈیولپرز کو جدید مہارتوں کی تربیت دی جائے گی، جب کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی مقامی حل، جیسے پبلک سیفٹی کے لیے اینڈرائیڈ سروسز بھی متعارف کرائی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ گوگل کا پاکستان میں دفتر کھولنا محض علامتی اقدام نہیں بلکہ قومی فخر اور عالمی سطح پر پاکستان کی ڈیجیٹل صلاحیتوں کی توثیق ہے۔ اس اقدام سے پاکستانی اسٹارٹ اَپس اور کاروباری ماہرین کو عالمی سطح پر بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کروم بُک اسمبلی لائن کے قیام کو ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ اور تعلیم کو ایک پلیٹ فارم پر لانے والا انقلابی قدم قرار دیا۔