
وزیراعظم کی زیر صدارت آج ہونے والا قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اہم اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے جس میں آئندہ مالی سال کے قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی جانی تھی۔
ذرائع کے مطابق قومی اقتصادی کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شامل ہیں اور اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام سمیت اہم اقتصادی امور پر غور کیا جانا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان بعض معاملات پر اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث اجلاس آج منعقد نہیں ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس کے آج کے شیڈول میں بھی شامل نہیں تھا جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اجلاس اب منگل کو طلب کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مالی سال 27-2026 کا سالانہ بجٹ 10 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے جس سے قبل قومی اقتصادی کونسل کی منظوری ضروری سمجھی جاتی ہے۔