
ٹریفک پولیس کراچی اور محکمہ ایکسائز نے فیس لیس ای ٹکٹنگ نظام کے تحت بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 40 ہزار گاڑیوں کو بلیک لسٹ قرار دے دیا ہے، جس کے بعد یکم جولائی سے ان گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق اس کریک ڈاؤن کی زد میں وہ گاڑیاں آئیں گی جن کی اونرشپ ٹرانسفر (منتقلی) نہیں کرائی گئی، جن کا ریکارڈ نامکمل ہے یا جن کے مالکان نے غلط پتہ درج کروایا ہے۔ اس کے علاوہ ای ٹکٹنگ کے جرمانوں اور دیگر سرکاری واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں بھی گاڑیوں کو بلیک لسٹ کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس نے خبردار کیا ہے کہ یکم جولائی کی آخری مہلت کے بعد ان بلیک لسٹڈ گاڑیوں کو ضبط کیا جاسکتا ہے اور مالکان کو سخت قانونی کارروائی اور جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
شہریوں کی سہولت کے لیے سندھ پولیس نے بلیک لسٹ گاڑیوں کی فہرست اپنے 'ٹریکس پورٹل' (TRAX Portal) پر اپ لوڈ کردی ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یکم جولائی سے قبل پورٹل پر اپنا گاڑی نمبر یا شناختی کارڈ درج کرکے اسٹیٹس فوری چیک کریں، اپنے تمام واجبات ادا کریں اور اونرشپ ٹرانسفر سمیت ریکارڈ کی درستگی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی اور قانونی کارروائی سے بچا جاسکے۔