
"میں تقریباً ایک سال سے گلیوں میں صفائی کا کام کر رہی تھی اور اپنی ملازمت سے بہت خوش تھی، لیکن میری زندگی میں یہ اچانک تبدیلی میرے لیے حیران کن اور غیر متوقع ہے۔" یہ کہنا ہے تھائی خاتون نوپاجیت ’مین‘ سومبونسیٹ کا، جن کی زندگی ایک لمحے میں بدل گئی جب ایک روسی فوٹوگرافر نے ان کی تصویر کھینچی اور دنیا کو ان کی خوبصورتی سے روشناس کروا دیا۔
View this post on Instagram A post shared by The Thaiger (@thethaigerofficial)
بنکاک کی سڑکوں پر جھاڑو لگاتی یہ 28 سالہ خاتون دو بچوں کی ماں اور اپنی زندگی سے مطمئن تھی، لیکن قسمت نے ایسا پلٹا کھایا کہ وہ ایک عام صفائی کرنے والی خاتون سے ماڈلنگ کی دنیا کی چمکتی دمکتی شخصیت میں تبدیل ہوگئیں۔ روسی فوٹوگرافر سیمیون ریزچیکوف نے جب مین کو صفائی کرتے دیکھا تو ان کی معصومیت اور قدرتی خوبصورتی نے انہیں حیران کر دیا۔ مین کو محسوس کرائے بغیر انہوں نے اس لمحے کو کیمرے میں قید کر لیا اور بعد میں نہ صرف انہیں ان کی تصاویر دکھائیں بلکہ ان کی بے پناہ تعریف بھی کی۔
یہ تصاویر اور ویڈیو جب سیمیون نے اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر پوسٹ کیں تو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔ سوشل میڈیا صارفین مین کی قدرتی دلکشی پر دنگ رہ گئے، اور پھر جو ہوا وہ مین نے خود بھی کبھی خواب میں نہیں سوچا تھا۔ نہ صرف میڈیا نے ان کی کہانی کو اجاگر کیا بلکہ ماڈلنگ ایجنسیوں اور برانڈز نے بھی ان سے رابطہ کرنا شروع کر دیا۔
یہ شہرت مین کو ایک مشہور تھائی میک اپ آرٹسٹ تک لے گئی، جہاں انہیں ایک مفت میک اوور سیشن میں مدعو کیا گیا۔ جب ماہر ہاتھوں نے مین کو تھائی فلم آرٹ آف دی ڈیول 2 کے کردار ’پانور‘ میں ڈھالا، تو ان کی تصاویر دوبارہ وائرل ہوگئیں۔ سوشل میڈیا صارفین اور ماڈلنگ انڈسٹری نے اس بدلے ہوئے انداز کو بے حد سراہا، اور یہ لمحہ ان کے لیے نئے دروازے کھولنے کا سبب بن گیا۔
اب مین نے نونگ چیٹ Browit جیسے مشہور تھائی کاسمیٹکس برانڈ کے لیے بطور ماڈل کام شروع کر دیا ہے۔ یہی نہیں، بلکہ دیگر کئی ماڈلنگ ایجنسیاں اور برانڈز بھی ان سے رابطے میں ہیں، اور وہ اپنے ماڈلنگ کیریئر پر مکمل توجہ دینے کے لیے صفائی کا کام ترک کر چکی ہیں۔
یہ سب اتنا اچانک اور حیران کن تھا کہ مین خود بھی اس تبدیلی پر یقین نہیں کر پا رہیں۔ بنکاک کی گلیوں سے ماڈلنگ کی دنیا تک کا ان کا یہ سفر کسی فلمی کہانی سے کم نہیں، جہاں ایک تصویر نے ان کی پوری زندگی بدل کر رکھ دی۔