
باھا اردن 2025 کار ریلی میں شریک سعودی ڈرائیور یزید الراجحی اپنے ساتھی جرمن ڈرائیور تیمو گوٹشالک سمیت حادثے میں زخمی ہونے کے بعد ریس سے باہر ہو گئے۔عرب نیوز کے مطابق یہ حادثہ اردن کے علاقے عقبہ کے قریب 10 تا 12 اپریل ہونے والی کار ریلی کے آخری مرحلے میں سنیچر کے روز پیش آیا۔سعودی ریلی ڈرائیور یزید الراجحی گزشتہ دو دنوں سے کار ریلی میں بھرپور طریقے سے شریک تھے اور اردن میں اپنی پہلی جیت کے قریب تھے لیکن بدقسمتی سے ان کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث قابو سے باہر ہو کر ایک رکاوٹ سے ٹکرا گئی۔حادثے کے بعد یزید الراجعی کو ساتھی ڈرائیور سمیت جائے حادثہ سے ایئر ایمبولینس کر ذریعے طبی معائنے کے لیے لے جایا گیا اور دونوں ڈرائیور ہوش میں تھے۔ہسپتال پہنچ کر بات کرتے ہوئے یزید الراجحی نے ریس سے باہر ہونے والے حادثے کے بعد ریسکیو کی تفصیلات شیئر کی ہیں۔الراجحی مزید طبی سہولت کے لیے جلد ہی ریاض منتقل ہو جائیں گے۔ فوٹو عرب نیوزاپنے ایک ویڈیو پیغام میں یزید الراجحی نے انکشاف کیا ’اردن کے ہسپتال ہونے والے طبی معائنے میں ان کی ریڑھ کی ہڈی کے دو مہرے فریکچر ہیں جبکہ ان کے ساتھی جرمن ڈرائیور کے چار مہرے ٹوٹے ہیں۔سعودی ڈرائیور یزید الراجحی نے مزید بتایا ہے ’ان کا نجی طیارہ اردن کے عقبہ ایئرپورٹ پر موجود ہے جس کے ذریعے وہ جلد ہی مزید طبی سہولت کے لیے ریاض منتقل ہو جائیں گے۔‘