
کیلیفورنیا کے سان ڈیاگو کاؤنٹی میں چند لمحوں کی لرزش نے جہاں انسانوں میں گھبراہٹ پھیلائی، وہیں ایک چڑیا گھر میں موجود افریقی ہاتھیوں کے غیر معمولی طرزِ عمل نے دیکھنے والوں کو حیرت میں ڈال دیا۔
5.2 شدت کے زلزلے کے دوران چڑیا گھر میں نصب کیمروں نے ایک غیرمتوقع منظر محفوظ کیا — جیسے ہی زمین کانپنا شروع ہوئی، ہاتھیوں کے ایک غول نے نہایت منظم انداز میں ایک گول دائرہ تشکیل دے لیا۔
یہ دائرہ کوئی اتفاقی عمل نہیں تھا، بلکہ ایک قدرتی حفاظتی حکمتِ عملی تھی جسے ماہرین "الرٹ سرکل" کا نام دیتے ہیں۔ اس کیفیت میں ریوڑ کے تمام بالغ ہاتھی چھوٹے ہاتھیوں کو اپنے گھیرے میں لے کر خطرے سے بچانے کی کوشش کرتے ہیں، یہاں تک کہ حالات معمول پر آ جائیں۔
چڑیا گھر کی ترجمان ایملی سیننگر کے مطابق، ہاتھی اپنی ٹانگوں کے ذریعے زمین کے ارتعاش کو محسوس کر لیتے ہیں، یہی وہ قدرتی سینسر ہے جو انہیں خطرے سے خبردار کرتا ہے۔
تقریباً چار منٹ بعد جب جھٹکے تھم گئے، تو ہاتھیوں نے اپنی حفاظت کی پوزیشن چھوڑ کر دوبارہ عام انداز میں چہل قدمی شروع کر دی.