
پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں 2026 میں تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلیں گی۔جمعرات کے روز انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اعلان کیا کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم اگست اور ستمبر 2026 میں تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گی، جو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہو گی۔سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 19 اگست سے ہیڈنگلے، لیڈز میں شروع ہوگا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں 27 اگست سے لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں دوسرے ٹیسٹ میں آمنے سامنے ہوں گی۔تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 ستمبر سے ایجبیسٹن، برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔ تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام 3 بجے شروع ہوں گے۔یہ 2016 کے بعد پاکستان کا چوتھا ٹیسٹ دورہ انگلینڈ ہوگا، جبکہ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے درمیان 1954 سے اب تک کھیلی جانے والی 29ویں باہمی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔اس وقت پاکستان شاہینز کی ٹیم انگلینڈ میں موجود ہے، جہاں وہ تین میچز پر مشتمل 50 اوورز اور دو تین روزہ میچز کی سیریز کھیلے گی۔دورے کی تفصیلات اور سکواڈز کا اعلان بعد میں متوقع ہے۔