
پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ افغانستان بارڈر سے ملحقہ علاقے میں آپریشن کے دوران 17 شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد تین روز میں 71 شدت پسند ہلاک کیے جا چکے ہیں۔پیر کو آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ’25 سے 27 اپریل کے دوران سکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں کارروائی میں 54 خوارجی ہلاک ہوئے، جبکہ 27 اور 28 اپریل کی رات حسن خیل میں آپریشن کیا گیا۔‘’اس کارروائی میں مزید 17 شدت پسند کو ہلاک کیا گیا جو اپنے غیرملکی آقاؤں کی ایما پر کارروائیاں کر رہے تھے۔ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔‘مزید کہا گیا کہ ’تین دن میں ہلاک ہونے والے خوارجیوں کی تعداد 71 ہو چکی ہے۔‘آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے پرعزم ہیں۔