پاکستان نے جھوٹ پر مبنی بھارتی وزیراعظم کے بیانات کو مسترد کردیا


پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم کے اشتعال انگیز اور جھوٹ پر مبنی بیانات کو یکسر مسترد کردیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے بھارتی وزیرِ اعظم کے اشتعال انگیز اور نفرت انگیز بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان بھارتی وزیر اعظم کے گزشتہ روز دیے گئے اشتعال انگیز اور جھوٹ پر مبنی بیانات کو یکسر مسترد کرتا ہے، ایسے وقت میں جب عالمی برادری خطے میں امن اور استحکام کے لیے کوشاں ہے، یہ بیان ایک خطرناک اشتعال انگیزی ہے جو غلط معلومات، سیاسی موقع پرستی، اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی پر مبنی ہے۔ترجمان نے کہا کہ یہ بیان ایسے جعلی بیانیے گھڑنے کی بھارتی روش کا عکاس ہے،جنہیں جارحیت کو جواز دینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، پاکستان حالیہ سیزفائر مفاہمت پر عمل درآمد اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات پر کاربند ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ جنگ بندی کئی دوست ممالک کی سفارتی کوششوں سے ممکن ہوئی، پاکستان کو “مایوسی اور شکست خوردگی” کا شکار قرار دینا بھارت کا ایک اور صریح جھوٹ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام حملے کا الزام، بغیر کسی ٹھوس شواہد کے، پاکستان پر ڈالنا بھارتی سازشی روش کا تسلسل ہے، تاکہ فوجی مہم جوئی کو جواز دیا جا سکے، داخلی سیاسی مقاصد حاصل کیے جائیں، اقلیتوں کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت انگیزی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹائی جا سکے، ایک مصنوعی بیرونی خطرے کا ڈھونگ رچایا جا سکے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستانی شہریوں پر دہشت گردی کے جھوٹے الزامات لگا کر بھارت نے بلا جواز اور غیر قانونی جارحیت کا مظاہرہ کیا، اس کے باوجود پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، لیکن بھارت نے اس کے جواب میں پاکستان کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنا کر کشیدگی کو مزید بڑھا دیا، جس سے پورے خطے کو خطرناک تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارتی اقدامات ایک خطرناک مثال قائم کر رہے ہیں، جو جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، بھارت اپنی کارروائیوں اور عورتوں و بچوں سمیت معصوم شہریوں کے قتل کو "نارمل" قرار دے کر خطے کے امن کو دائمی خطرے میں ڈال رہا ہے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اس گمراہ کن سوچ کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، "نارمل" یہی ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور عالمی قوانین کا احترام کیا جائے، جیسا کہ پاکستان نے اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے تحفظ کے لیے بھرپور انداز میں ثابت کیا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان آئندہ دنوں میں بھارت کے اقدامات اور رویے پر گہری نظر رکھے گا، اور عالمی برادری سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارتی اشتعال انگیزیوں کا نوٹس لے۔ جاری بیان کے مطابق پاکستان نے بھارتی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کے حق کے تحت مؤثر، محدود اور صرف فوجی تنصیبات کو ہدف بنانے والی کارروائی کی، پاکستان نے اپنی عسکری صلاحیت کا مظاہرہ کیا، اور یہ اب ایک ناقابل تردید حقیقت ہے جسے کسی پروپیگنڈے سے چھپایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی یکطرفہ، غیر قانونی پالیسیاں ان معاہدوں کی خلاف ورزی بھی ہیں جن میں سندھ طاس معاہدہ (Indus Waters Treaty) سرفہرست ہے، جو دہائیوں سے دونوں ممالک کے درمیان پانی کی تقسیم کا ضامن رہا ہے، پاکستان اپنے پانی کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گا۔بیان کے مطابق پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے، اور بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والے نیٹ ورکس کی وجہ سے ہمیں شدید نقصان پہنچا ہے، پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف عالمی قربانیاں اور کردار قابلِ تحسین اور تسلیم شدہ ہیں، پاکستان ہمیشہ جموں و کشمیر کے تنازعے کے پرامن حل کا حامی رہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے، اس ضمن میں پاکستان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کرتا ہے، اس دور میں امن ہی حقیقی طاقت ہے۔ خطے کی بھلائی اور ترقی گرجتے نعروں یا طاقت کے مظاہروں میں نہیں بلکہ بالغ نظری، علاقائی تعاون اور عالمی اصولوں کے احترام میں ہے۔بیان کے مطابق پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے، جس کے ادارے مضبوط، عوام پُرعزم اور عالمی سطح پر امن و سلامتی کے قیام میں کردار مسلمہ ہے، ہمارا امن کا عزم کبھی کمزوری نہ سمجھا جائے، اگر آئندہ کوئی جارحیت ہوئی تو اس کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، ہم امید کرتے ہیں کہ بھارت خطے کے امن اور اپنے عوام کی فلاح کو سیاسی مفاد پرستی پر ترجیح دے گا

 
 

Watch Live TV Channels
Samaa News TV 92 NEWS HD LIVE Express News Live PTV Sports Live Pakistan TV Channels
 

مزید پاکستان کی خبریں

بھارتی ہائی کمیشن کا اہلکار ناپسندیدہ شخصیت قرار، فوری پاکستان چھوڑنے کا حکم

پاکستانی فورسز نے انڈیا کے حملوں کا بہترین جواب دیا: عمران خان

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معمول پرآنے لگیں

طلبا کے لیے خوش خبری، یونیورسٹیز میں مفت تعلیم سے متعلق قانون منظور

سردار رامیش سنگھ اروڑا کا سکھوں کیلئے اہم پیغام

پاک بحریہ کے جہاز کا دورہ عمان، دوطرفہ مشق میں شرکت

بھارت اپنی جنگ ہارچکا ہے اور پاکستان جیت چکا ہے،گورنر سندھ

انڈیا سے جنگ: پنجاب حکومت کا محکمہ شہری دفاع کو ’جدید تقاضوں سے ہم آہنگ‘ کرنے کا فیصلہ

انڈین وزیراعظم کے اشتعال انگیز بیانات مسترد، جنگ بندی کے لیے پرعزم ہیں: پاکستان

چیف جسٹس سے ترکیہ کے سفیر کی ملاقات دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا عزم

چیف جسٹس سے ترکیہ کے سفیر کی ملاقات

بھارت میں ایک نفسیاتی شخص برسراقتدار ہے، مشعال ملک

بلوچستان: ضلع نوشکی سے اغوا کیے گئے پنجاب کے رہائشی چار افراد کا قتل

پیپلز پارٹی کا ارکان اسمبلی کے اثاثوں کی اشاعت کی مخالفت، الیکشن ایکٹ میں ترمیم پیش

بانی پی ٹی آئی کی پیرول پر رہائی سے متعلق بڑی خبر

عالمی خبریں تازہ ترین خبریں
پاکستان کی خبریں کھیلوں کی خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ سائنس اور ٹیکنالوجی