
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ بھارت میں ایک نفسیاتی شخص برسر اقتدار ہے جو اب دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق حریت رہنما کی اہلیہ نے اسلام آباد پمز اسپتال کا دورہ کیا اور آپریشن معرکہ حق کے دوران زخمی ہونے والوں کی عیادت جبکہ اُن کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ میں زخمی ہونے والوں کے حوصلوں کو خراج تحسین پیش کیا۔زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ پہلگام کی دہشتگردی کے بعد پاکستان پر بھارت نے بڑا حملہ کیا اور یہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والے بچے اسامہ کے گھر میں شادی تھی اور اُس کی بہنوں کے ہاتھوں پر اب بھی مہندی لگی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک نفسیاتی شخص بھارت میں برسر اقتدار ہے اور اب وہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، ہماری فورسز نے بھارت کو عبرت کا نشان بنادیا ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ امریکا، چین اور ترکی نے جنگ بندی میں جو کردار ادا کیا اب میری سعودی عرب اور امریکا سے اپیل ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے حالات کو دیکھیں اور عوامی امنگوں کے مطابق منصفانہ فیصلہ کریں۔انہوں نے اپیل کی کہ عالمی طاقتوں کو کہتی ہوں یاسین ملک اور دیگر حریت راہنماوں کی رہائی کیلئے کوشش کریں، بھارت کے جو فوجی پاکستان کی قید میں ہیں ان کے بدلے حریت رہنماوں کو رہا کروایا جائے۔