
پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول(آر ایم ایس پی) پر تعیناتی کے دوران مسقط کا دورہ کیا اور دو طرفہ مشق میں شرکت کی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس حنین اور رائل نیوی آف عمان کے جہاز خصب (RNOV KHASSAB) نے خلیج عمان میں دو طرفہ بحری مشق (PASSEX) کی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار بحری شراکت داری کو تقویت ملی۔انہوں نے بتایا کہ مشق کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دیرپا بحری تعاون کو فروغ دینا تھا۔قبل ازیں بندرگاہ پر قیام کے دوران پی این ایس حنین کے کمانڈنگ افسر نے رائل نیوی آف عمان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اور اس دوران باہمی دلچسپی کے امور اور بحری افواج کے مابین رابطوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔