
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل ایکس کے بقیہ میچز کے لیے ٹکٹوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ بورڈ کے مطابق وہ شائقین جنہوں نے آٹھ، نو اور دس مئی کو ہونے والے میچز کے ٹکٹ خریدے تھے، وہی ٹکٹ اب بالترتیب سترہ، اٹھارہ اور انیس مئی کو استعمال کیے جا سکیں گے۔جب کہ اٹھارہ مئی کو راولپنڈی میں ڈبل ہیڈر ہونے کی وجہ سے نو مئی کا ٹکٹ دونوں میچز کے لیے کارآمد ہوگا ۔ایلیمینیٹر ون، ٹو اور فائنل کے ٹکٹ رکھنے والے شائقین اپنے ٹکٹ نئی تاریخوں کے مطابق استعمال کر سکتے ہیں۔شائقین کرکٹ لیگ اور پلے آف میچز کے ٹکٹ آن لائن نجی کوریئر کمپنی کی ویب سائٹ سے خرید بھی سکتے ہیں۔ پی سی بی کے مطابق پانچ اور دس مئی کو ملتان میں ہونے والے میچز اور راولپنڈی میں پہلے سے شیڈولڈ کوالیفائر کے ٹکٹ ہولڈرز کو مکمل ریفنڈ دیا جائے گا۔آن لائن اور کارپوریٹ خریداروں کو رقم ان کے متعلقہ اکاؤنٹس میں منتقل کر دی جائے گی، جبکہ فزیکل ٹکٹ رکھنے والوں کو اپنے ٹکٹ نامزد کوریئر سینٹرز پر واپس کرنے ہوں گے۔ ریفنڈ کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔