
بیلاروس اور پاکستان کے درمیان فضائی تعاون میں نئے باب کے آغاز کا امکان ہے جہاں بیلاروس کے ایئرفورس کمانڈر نے ایئرہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے تربیتی نظام میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق بیلاروس ایئر فورس کے کمانڈرمیجر جنرل آندرے یولیانووچ لوکیانووچ نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں معزز مہمان کو پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔پاک فضائیہ کے چیف اور دیگر حکام سے ملاقات میں دفاعی تعاون اور فضائی طاقت سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور دونوں ممالک نے فضائی افواج کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بیلاروس نے پاک فضائیہ کے تربیتی نظام میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور جنگی تجربات سے سیکھنے کے لیے بیلاروس پاک فضائیہ سے تعاون کا خواہاں ہے۔ اس موقع پر اعلیٰ سطح پر تبادلہ پروگرامز کے آغاز پراتفاق کیا گیا اور بیلاروس نے چیف آف دی ایئر اسٹاف کو دفاعی تقاریب میں شرکت کی دعوت دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اعلیٰ سطح کی ملاقات میں بیلاروس-پاکستان فضائی تعاون میں نئے باب کے آغاز کا عندیہ دیا گیا ہے۔ دونوں فریقوں نے اپنی متعلقہ فضائی افواج کے درمیان قریبی اور مسلسل مصروفیت کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔