
لاہور میں پسند کی شادی کرنیوالے میاں بیوی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ کے آہلو روڈ پر میاں بیوی کے قتل کی واردات ہوئی، نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر میاں بیوی کو گولیاں ماریں اور فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کچھ روز قبل کرائے کے مکان میں منتقل ہوئے تھے، دونوں نے پسند کی شادی کی تھی، مقتولین کی شناخت سفینہ اور پیر محمد کے نام سے ہوئی ہے، دونوں لاہور کے رہائشی تھے۔پولیس نے مالک مکان سے پوچھ گچھ شروع کردی، پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ دونوں کو پسند کی شادی کے تنازع پر قتل کیا گیا، ملزمان کی تلاش بھی شروع کردی گئی ہے۔