
ایران نے ایک بار پھر اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں کی بارش کردی، اسرائیلی فوج کے ایک کمانڈر، انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر اور یونٹ ایٹ ٹو ڈبل زیرو کو نشانہ بنایا گیا۔ متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں باہر کھڑی گاڑیوں کو آگ لگ گئی۔ ایرانی آپریشن وعدہ صادق سوم کے تحت جنگ کے آٹھویں روز اسرائیل پر تازہ حملہ کیا گیا ہے، اسرائیلی فوج کیخلاف حملوں کی چودہویں لہر میں جدید میزائل داغے گئے۔جنہیں اسرائیلی دفاعی نظام روکنے میں ناکام رہا۔ایرانی میڈیا کے مطابق حملے میں اسرائیلی فوج کے کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔حملے میں یونٹ ایٹ ٹو ڈبل زیرو کو شدید نقصان پہنچا،سجیل میزائلوں سے تل ابیب ،رامت گن اورمقبوضہ علاقوں سمیت چھ مقامات پرمیزائل لگنے سے شدید نقصانات ہوئے۔جنوبی اسرائیل کے علاقے بیرشیبا میں سینکڑوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔اسرائیلی فوج نے بیان جاری کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ ان کے انٹرسیپٹر دفاعی نظام میں ممکنہ خرابی ایرانی میزائل روکنے میں ناکامی کا باعث بنی۔اور ایرانی میزائلون نے جنوبی علاقے کو نشانہ بنایا۔ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے دنیا کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی تیسرا فریق جنگ میں شامل ہوا تو اس کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔کونسل نے کہا کہ اگر بیرونی کرداروں نے تنازع بڑھانے کی کوشش کی تو ایران کا فوجی ردعمل فوری، متناسب اور پہلے سے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ہوگا۔