
جنوبی وزیرستان میں ایف سی اور مسلح افراد کے مابین ہونے والی فائرنگ کی زد میں آکر 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔
ڈپٹی کمشنر ناصر خان کے مطابق لوئر جنوبی وزیرستان کے علاقے منڈی کول میں ایف سی اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ دوطرفہ فائرنگ کی زد میں آکر 2 خواتین جاں بحق جبکہ 2 خواتین سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔
زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال وانا منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی افراد تحصیل برمل سے وانا آرہے تھے۔