
"قرت العین اقرار کے بارے میں ہر چیز لاجواب ہے اور میں انہیں بے حد چاہتا ہوں۔ کل میں عروسہ سے بات کر رہا تھا کہ عینی کتنی پرفیکٹ شخصیت ہیں جن میں کوئی خامی نہیں۔ یہ بات دراصل عروسہ نے ہی مجھ سے کہی تھی, اور میرے لیے یہ بالکل عام بات ہے کہ میری بیویاں ایک دوسرے کی تعریف کرتی ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ عینی نے میرا خیال ایک بیٹے کی طرح رکھا ہے۔ میری ہر خواہش کو مانا ہے۔ ان کی محبت بالکل بے لوث ہے۔ ایک اور خوبصورت بات یہ ہے کہ وہ ہر ایک کا بے حد خیال رکھتی ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا، "عروسہ اور قرت العین ایک ساتھ رہتی ہیں اس لیے ان کا آپس میں زیادہ اٹوٹ رشتہ ہے۔ فرح کا مزاج ذرا مختلف ہے۔ میں اس کے ساتھ لنچ کرتا ہوں، اچھا وقت گزارتا ہوں اور پھر وہ اپنے خاندان کے پاس چلی جاتی ہیں جو لاہور میں ہی رہتا ہے۔ ہمارے درمیان ہر چیز طے شدہ ہے اور میں ایسی زندگی کے لیے خود کو بہت خوش قسمت سمجھتا ہوں۔"
معروف پاکستانی صحافی اور اینکر اقرار الحسن، جو اپنے انویسٹی گیٹو شو *سرِعام* اور رمضان ٹرانسمیشن *شانِ رمضان* کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں، ایک بار پھر خبروں میں ہیں اس بار وجہ کوئی انکشاف یا چھاپہ نہیں بلکہ اپنی بیویوں کے بارے میں دیے گئے دلچسپ بیانات ہیں۔
علی حمزہ کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران، اقرار الحسن نے پہلی بیوی اور پہلی محبت قرت العین اقرار کی تعریفوں کے پل باندھ دیے، اور یہ بھی بتایا کہ ان کی بیویاں ایک دوسرے کی تعریف کرنے میں بخل نہیں کرتیں۔ انہوں نے عروسہ اور فرح کے ساتھ تعلقات کی تفصیلات بھی بڑے کھلے دل سے بیان کیں۔
سوشل میڈیا پر ان کے یہ بیانات تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں اور مداح تبصرے کر رہے ہیں کہ اقرار الحسن نے اپنی ذاتی زندگی کو جتنا کھلے انداز میں بیان کیا، ویسا کسی مشہور شخصیت سے کم ہی سننے کو ملتا ہے۔