
"میری پہلی شادی کے بُرے تجربے کے بعد بھی میں نے دوبارہ شادی کرنے سے کبھی خوف محسوس نہیں کیا۔ میں ہمیشہ چاہتی تھی کہ میرے بچے امریکہ جا کر سیٹ ہو جائیں۔ میں نے اپنے بیٹے کو 18 سال کی عمر میں اور بیٹی کو 15 سال کی عمر میں امریکہ بھیج دیا۔ میں نہیں چاہتی تھی کہ میں جذباتی طور پر اپنے بچوں پر بوجھ بنوں۔ مجھے لگا کہ اپنا ایک لائف پارٹنر ہونا مجھے جذباتی آزادی دے گا، اسی لیے میں نے دوبارہ شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔"
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نازلی نصر، جنہیں آج کل ڈرامہ مہرا میں دیکھا جا رہا ہے، نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں کھل کر بات کی۔ نازلی نصر کا کہنا تھا کہ دوسری شادی کا فیصلہ انہوں نے بہت سوچ سمجھ کر کیا۔ موجودہ شوہر محسن مرزا کو "ہاں" کرنے سے پہلے انہوں نے چار سال کا وقت لیا تاکہ یہ یقینی بن سکے کہ ان کے بچے اس فیصلے سے خوش ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ اس فیصلے میں انہیں اپنے بچوں کی مکمل حمایت حاصل تھی۔ ان کے بیٹے اور بیٹی دونوں امریکہ میں رہتے ہیں اور اس بات سے مطمئن ہیں کہ پاکستان میں ان کی والدہ خوش اور محفوظ ہیں۔ نازلی نصر کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے فیصلے پر اللہ پر بھروسہ تھا اور آج وہ ایک خوشحال ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں۔