
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے سیلاب متاثرین کے لیے نئی بستیاں قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر کے دورے اور سوات میں متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب قدرت کی طرف سے ایک آزمائش ہے، لیکن متاثرین کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے آنے والی تباہی کا بھرپور مقابلہ کریں گے، متاثرہ خاندانوں کو گھر بنا کر دیں گے اور بستیاں بسا کر دیں گے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ جس کا جتنا نقصان ہوا ہے حکومت اس کا ازالہ کرے گی، عوام کی مشکلات ختم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے جس میں تمام اداروں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کلاؤڈ برسٹ سے بچاؤ کے لیے جدید ٹیکنالوجی حاصل کی جائے گی، جب کہ آبادیوں کو پانی کے راستوں سے ہٹا کر محفوظ مقامات پر نئی بستیاں آباد کی جائیں گی۔
علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ وفاق کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کے لیے امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے، اس مشکل وقت میں اظہار یکجہتی کرنے پر تمام صوبائی حکومتوں کے مشکور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے سے رابطے میں ہیں اور فوج بھی ہمارے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ متاثرین تک راشن اور ادویات پہنچا دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ خیبرپختونخوا حکومت نہیں ہے جس کے پاس وسائل یا تنخواہوں کے پیسے نہ ہوں۔ میرے پاس وسائل موجود ہیں اور صوبے کے پیسے سے متاثرین کی ہر ممکن مدد کر سکتے ہیں۔ کسی کی مدد کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ خیبرپختونخوا مدد لینے والا نہیں، بلکہ دینے والا صوبہ ہے۔ تاہم اگر کوئی اپنا فرض ادا کرنا چاہتا ہے تو کرسکتا ہے، لیکن ہمیں کسی پر انحصار نہیں ہے۔