
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں بشمول کرتارپور, سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ اور نارووال کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل کو سیلاب کی موجودہ صورتحال اور آئندہ بارشوں کے لیے کیے جانے والے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کا جائزہ لیا اور فوجی جوانوں و سول انتظامیہ کی مربوط اور انتھک کاوشوں کو سراہا۔
فیلڈ مارشل نے متاثرہ سکھ برادری سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کا تحفظ ریاست اور اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ تمام مذہبی مقامات کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا اور دربار صاحب کرتارپور کو ترجیحی بنیادوں پر اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔
سکھ برادری نےفیلڈ مارشل کا خیر مقدم کیا اور فوج و سول انتظامیہ کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔ فیلڈ مارشل نے دربار صاحب کرتارپور کا فضائی جائزہ بھی لیا۔
فیلڈ مارشل نے فوجی جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لینے والے فوجی جوانوں اور سول اداروں کی بروقت اور فعال کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے قیمتی جانوں اور املاک کے نقصانات کو کم سے کم رکھنے میں مدد ملی۔