
راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث 11 سالہ کائنات جاں بحق ہوگئی۔
بچی کو تین روز قبل پیٹ میں شدید درد کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹرز نے درست تشخیص نہ ہونے پر اپینڈکس کا آپریشن کردیا۔ والد عابد کے مطابق آپریشن کے بعد بھی بچی مسلسل پیٹ درد سے تڑپتی رہی۔ فوٹیج میں بھی بچی کو تکلیف میں مبتلا دیکھا جا سکتا ہے۔
ورثا نے الزام عائد کیا کہ آپریشن کے بعد ڈاکٹرز نے بتایا کہ دوران آپریشن بچی کے پیٹ میں کوئی چیز رہ گئی ہے جسے دوائیوں کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ تاہم ڈاکٹرز کی غفلت کے باعث کائنات زندگی کی بازی ہار گئی۔
کائنات ڈھوک چوہدریاں کی رہائشی تھی۔ لواحقین نے ڈاکٹرز کی غفلت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے میت وصول کرنے سے انکار کردیا جبکہ ڈاکٹرز نے اس حوالے سے اپنا موقف نہیں دیا۔
ایم ایس ہولی فیملی اسپتال ڈاکٹر اعجاز بٹ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
لواحقین کا کہنا کے غفلت برتنے والے ڈاکٹرز کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، تاحال واقعہ کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی، بچی کے لواحقین نے آئی جی پولیس سے فوری انصاف فراہمی کی اپیل کی ہے۔