
ملک میں مون سون بارشوں کے دسویں اسپیل آج داخل ہو گا جس کے باعث مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سندھ میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹہ، بدین، سجاول اور حیدرآباد کے نشیبی علاقے متاثر ہوسکتے ہیں جبکہ پیر سے بدھ کے دوران کراچی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے اور اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے اسلام آباد اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 7 تا 9 ستمبر بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران مری، راولپنڈی، لاہور، جہلم، چکوال، اٹک، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، چنیوٹ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا اور شیخوپورہ میں ندی نالوں میں طغیانی اور کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد محفوظ انخلاء کے لیے تیار رہیں، زیر آب سڑکوں اور پلوں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔ سیلابی پانی کے باعث ممکنہ وبائی امراض سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے اور ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔