
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا سسٹم ڈپریشن کی شکل میں اس وقت کراچی کے مغرب میں تقریباً 50 سے 60 کلومیٹر دور موجود ہے جو آئندہ چند گھنٹوں میں مزید کمزور ہو کر ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہوجائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آج بھی شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کے اسپیلز بھی ہو سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سسٹم جمعرات کو بحیرہ عرب کی طرف چلا جائے گا جس کے بعد کراچی میں بارشوں کی شدت میں کمی واقع ہوگی اور ہلکی بارش یا بونداباندی کا امکان ہو گا۔