
اسلام آباد : اے پی پی میگا کرپشن کیس میں عدالت نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے 13 ملزمان کی ضمانتیں خارج کردیں اور ان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کردیے۔ کیس کی سماعت اسپیشل سینٹرل جج ہمایوں دلاور نے کی۔
ضمانتیں خارج ہونے پر عدالت کے احاطے سے ہی 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ متعدد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ گرفتار اور مفرور ملزمان پر پروویڈنٹ فنڈ اور سیلری اکاؤنٹس سے کروڑوں روپے نکالنے کے سنگین الزامات ہیں۔
عدالت میں پیش کردہ شواہد کے مطابق سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر عدنان اکرم باجوہ اور دیگر ملزمان کے خلاف جعلی دستخط اور غیرقانونی ٹرانسفرز کے ثبوت موجود ہیں۔ فرار ہونے والوں میں عدنان اکرم باجوہ، فرقان راؤ، ارشد مجید اور معظم جاوید کھوکھر شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق کیس کی مزید کارروائی آئندہ سماعت پر کی جائے گی جبکہ تحقیقاتی اداروں کو مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔