
خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور کرک میں پولیس نے دہشت گردوں کے حملے ناکام بنا دیے۔ بنوں میں دہشت گردوں نے میریان تھانے اور مزنگ چوکی کو نشانہ بنایا تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں حملے پسپا کر دیے۔
آر پی او سجاد خان کے مطابق میریان تھانے پر حملہ تقریباً 20 منٹ میں ناکام بنا دیا گیا۔ بعد ازاں دہشت گردوں نے مزنگ چوکی پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، جہاں ایک گھنٹے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور 4 زخمی ہوئے۔ ہلاک اور زخمی دہشت گردوں کے ساتھی انہیں لے کر فرار ہوگئے۔ اس دوران 3 پولیس اہلکار بھی معمولی زخمی ہوئے۔
دوسری جانب کرک میں گرگری تھانے کو بھی دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔ ڈی پی او کے مطابق پولیس نے مؤثر حکمت عملی کے تحت دہشت گردوں کو تھانے کے قریب نہیں آنے دیا اور حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں تھانہ میریان اور پولیس چیک پوسٹ مزانگہ پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے 3 حملہ آور دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر خیبر پختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے خوارجیوں کے دونوں حملوں کو ناکام بنایا، فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پولیس نے جرأت اور دلیری کے ساتھ دہشتگردوں کا حملہ پسپا کیا، کے پی کے پولیس نے ہمیشہ شجاعت کی داستانیں رقم کی ہیں۔