
جماعت اسلامی کے تحت اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کے شکار اہل فلسطین بالخصوص بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شاہراہ قائدین پر”کراچی چلڈرن غزہ مارچ“ منعقد کیا گیا۔
تاحد نگاہ دور تک طلبہ و طالبات کے سر ہی سرنظر آرہے تھے۔ مارچ میں شہر بھر سے نجی و سرکاری اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کی۔ طلبہ وطالبات نے لیبک یا اقصیٰ کے نعرے لگا کر غزہ کے نہتے اور مظلوم بچوں سے بھرپور اظہار یکجہتی اور اسرائیل و امریکا کے خلاف شدید رد عمل کا اظہار یکجہتی کیا۔ فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر، رہبر و رہنما، خاتم النبیاؑ مصطفیٰ ؐ مصطفیٰ ؐ، لبیک لبیک الھم لبیک،لبیک یا غزہ،لبیک یا اقصیٰ کے نعروں سے گونجتی رہی اور بچوں میں زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آیا۔
مارچ میں لاکھوں طلبہ وطالبات کی شرکت اور دوپہر میں سخت گرم موسم کے باوجود مثالی نظم ضبط کا مظاہرہ کیا گیا۔ شاہراہ قائدین پر دونوں اطراف میں مارچ کے شرکاء موجود تھے۔ ایک ٹریک طلبہ اور دوسرا ٹریک طالبات کے لیے مختص کیا گیا تھا۔
نیشنل اور انٹرنیشنل میڈیا کے نمائندوں نے ”کراچی چلڈرن غزہ مارچ“کوتاریخ کا سب سے بڑا اور منفرد مارچ قرار دیا۔ طلبہ و طالبات شہر بھر سے جلوسوں اور ریلیوں کی شکل میں بسوں، ویگنوں ودیگر گاڑیوں پر شاہراہ قائدین پہنچے۔ شاہراہ قائدین پر سڑک کے دونوں طرف طلبہ اور طالبات کے لیے الگ الگ استقبالیہ کیمپ لگے ہوئے تھے۔
نورانی کباب ہاؤس کے سامنے سڑک پر کنٹینروں پر مشتمل ایک بڑا اسٹیج بنایا گیا تھا جہاں سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن، امیر کراچی منعم ظفر خان، سکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی کے علاوہ بچوں نے ترانے اور تقاریر سمیت مختلف پروگرام پیش کیے۔