
فرانس میں بجٹ کٹوتیوں، مہنگائی اور پنشن اصلاحات کے خلاف لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرے میں اساتذہ، طلبہ، ٹرین ڈرائیورز، مزدور اور سرکاری ملازمین بڑی تعداد میں شریک ہوئے اور مطالبہ کیا کہ پنشن اصلاحات واپس لی جائیں امیروں پر ٹیکس لگایا جائے۔ اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مظاہروں میں منتظمین کے دعوے کے مطابق 10 لاکھ افراد شریک ہوئے تاہم حکام نے تعداد تقریباً 5 لاکھ بتائی۔ مظاہرین نے کئی شہروں میں سڑکیں بلاک کر دیں اور بعض مقامات پر آگ لگا دی۔
پولیس نے ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کے لیے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ میں ملوث 300 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔