
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ میرا پانی میرا پیسا، پنجاب کے وسائل پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے، پنجاب کو مشورہ دینے والے اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میں پنجاب میں نہریں نکالوں تو انہیں تکلیف اور اعتراض ہوتا ہے۔ میرا پانی، میرا پیسا اور میری مرضی، آپ کو کیا تکلیف ہے۔ کبھی پنجاب نے کہا کہ فلاں صوبہ یہ نہ کرے۔ آپ سندھ میں کوئی کام کریں تو مجھے بھی خوشی ہوگی۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ مجھ پر تنقید کی جاتی ہے تو مجھے اعتراض نہیں، لیکن پنجاب کی ترقی اور عوام کے حقوق کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر پنجاب پر بات کی گئی تو مریم نواز آپ کو چھوڑے گی نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر چیز کا علاج بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نہیں ہے۔ یہ پروگرام صرف 10 ہزار روپے دیتا ہے۔ میں نے اپنے متاثرین سیلاب کو 10، 10 لاکھ روپے دینے ہیں۔ ، برائے مہربانی اپنے مشورے اپنے پاس ہی رکھیں۔ جب پنجاب نے آپ کے معاملات میں مداخلت نہیں کی تو آپ بھی مت کریں۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت چاروں صوبوں کو برابر فنڈز ملتے ہیں، سوال یہ ہے کہ دوسرے صوبے اپنے پیسے کہاں خرچ کرتے ہیں؟ پنجاب نے کبھی کسی صوبے کے کام میں مداخلت نہیں کی، لہٰذا دوسروں کو بھی پنجاب کے معاملات پر اعتراض نہیں کرنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مخالفین پنجاب کی ترقی سے خائف ہیں۔جب ہم نے بجلی کے بلوں پر عوام کو ریلیف دیا تو آئی ایم ایف کے پاس شکایات کی گئیں۔ پنجاب اپنے شہریوں کے حق اور ترقی کے منصوبوں پر کسی کو مداخلت نہیں کرنے دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اپنے عوام کو یورپ جیسی ٹرانسپورٹ فراہم کر رہا ہے، فیصل آباد ڈویژن کے لیے 150 الیکٹرک بسیں لائی گئی ہیں جبکہ چند ہفتوں میں فیصل آباد میں میٹرو منصوبے پر کام شروع ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد وہ شہر ہے جو مستقبل میں لاہور سے بھی زیادہ ترقی کرے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے عوام پر کسی قسم کا بوجھ نہیں ڈالا جا رہا، الیکٹرک بسوں کا کرایہ صرف 20 روپے ہے۔ راولپنڈی میں جدید الیکٹرک ٹرینیں چلائی جائیں گی جبکہ جھنگ اور چنیوٹ کو بھی الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی خدمت ان کی پہلی ترجیح ہے۔ اگر اپنے عوام کے لیے خون کا آخری قطرہ بھی دینا پڑا تو وہ بھی کم ہوگا۔ پنجاب کے عوام نے مجھے محبت دی ہے اور میں ان کے حق کے لیے ہر قدم اٹھاؤں گی۔