
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے ویٹی کن سٹی کے سفیر آرچ بشپ گرمانو پینموٹ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر مذہبی عدم برداشت کے خاتمے، دہشت گردی کے انسداد اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ حکومت معاشرے میں رواداری، باہمی احترام اور ہر فرد کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں جن میں وفاق اور صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کے لیے نشستوں کی تخصیص بھی شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی کمیشن برائے اقلیت کا قیام، بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی اور مذہبی برداشت کے فروغ کی پالیسی جیسے اقدامات اقلیتوں کی خودمختاری اور آزادی کو یقینی بنانے کے لیے سنگِ میل ہیں۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ ویٹی کن سٹی اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے یہ ایک اہم موقع ہے اور دو طرفہ وفود کے تبادلے سے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔
آرچ بشپ گرمانو پینموٹ نے ملاقات کے دوران کہا کہ کیتھولک چرچ کے تحت پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں کئی اہم منصوبے جاری ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں جدید علوم سے آراستہ ایک یونیورسٹی کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔
وفاقی وزیر نے اس تجویز کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے اختتام پر ویٹی کن سٹی کے سفیر نے سردار محمد یوسف کو ویٹی کن کے دورے کی دعوت بھی دی۔