
یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں ایک پُرعزم تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی رکنِ قومی اسمبلی طاہرہ اورنگ زیب تھیں، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ایمان ظفر نے ضلعی انتظامیہ کی نمائندگی کی۔ اس موقع پر کشمیری رہنماؤں، سماجی شخصیات، طلبہ و طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز ایک منٹ کی خاموشی اور قومی ترانے سے ہوا۔ طلبہ و طالبات نے ملی نغمے پیش کیے اور کشمیری عوام سے یکجہتی کے حوالے سے پُرجوش تقاریر کیں۔
رکنِ پارلیمنٹ طاہرہ اورنگ زیب نے خطاب میں کہا کہ ”کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزاد فضا میں سانس لیں گے۔“ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے میں مؤثر کردار ادا کرے، تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔