
انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان نامزد ہیں۔ عدالت نے علیمہ خان کی مسلسل عدم پیشی پر ایک بار پھر ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
تفصیلات کے مطابق علیمہ خان آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئیں اور نہ ہی ان کی جانب سے کوئی وکیل عدالت میں حاضر ہوا۔ عدالت نے پانچویں مرتبہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے نادرا، پاسپورٹ امیگریشن اور اسٹیٹ بینک سے متعلقہ رپورٹس طلب کرلی ہیں۔ عدالت اس سے قبل علیمہ خان کا شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے کے احکامات بھی جاری کرچکی ہے۔
سماعت کے دوران مقدمے میں نامزد دیگر 10 ملزمان اور 5 گواہان عدالت میں پیش ہوئے۔ استغاثہ کی نمائندگی اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کردی۔