
ایئر کراچی کے چیئرمین اور ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر حنیف گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ تربیلا میں 636 ارب ڈالر مالیت کے سونے کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
کراچی پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے حنیف گوہر نے بتایا کہ یہ ذخائر ملک کا بیرونی قرضہ اتارنے کے لیے کافی ہیں اور اس معاملے سے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو آگاہ کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان ذخائر کی تلاش اور کھدائی کے لیے آسٹریلوی اور کینیڈین ڈرلنگ کمپنیوں سے رابطہ کیا گیا ہے اور جیسے ہی وزیرِ اعظم کی ہدایت موصول ہوگی تربیلا کی زمین سے سونا نکالنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
ایئر کراچی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے حنیف گوہر نے بتایا کہ ایئرلائن کے ڈومیسٹک پروازوں کا آغاز 23 مارچ 2026 کو کیا جائے گا، جس کے لیے ابتدائی طور پر تین سے پانچ ایئربس طیارے استعمال ہوں گے۔ بین الاقوامی پروازیں ایک سال بعد شروع کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حیدرآباد میں شہر کا پہلا فور اسٹار ہوٹل پانچ ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ حنیف گوہر نے کہا کہ بجٹ خسارہ کم کرنے کے لیے تعمیراتی شعبے کی ترقی ناگزیر ہے اور کراچی میں ناقص نظام کے باوجود ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں۔