
جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حمداللہ سے چند گھنٹوں سے رابطہ نہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس پر پارٹی رہنماؤں اور اہل خانہ میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
حافظ حمداللہ کے صاحبزادے حافظ خلیل نے بتایا کہ ان کے والد کا موبائل فون اور ان کے ساتھ موجود ساتھیوں کے نمبرز بھی بند آ رہے ہیں۔ ان کے مطابق حافظ حمداللہ آج بلوچستان کے علاقے سنجاوی میں ایک پروگرام میں شرکت کے لیے گئے تھے، تاہم گزشتہ چند گھنٹوں سے ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوسکا۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر زیارت سے رابطہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر زیارت نے مولانا عبدالغفور حیدری کو آگاہ کیا ہے کہ حافظ حمداللہ محفوظ مقام پر موجود ہیں۔
تاحال حافظ حمداللہ کے ساتھ رابطہ بحال نہیں ہوسکا، جبکہ ان کی موجودہ صورتحال سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔