
محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے 12 جون تک ہیٹ ویو کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بعض شہروں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ شدید گرمی کی یہ لہر 12 جون تک برقرار رہ سکتی ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقے شدید گرمی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور پنجاب کے متعدد علاقوں میں بھی درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ کراچی میں بھی 8 سے 12 جون کے دوران موسم معمول سے زیادہ گرم رہنے کی توقع ہے۔
متعلقہ اداروں نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور گرمی کی شدت کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔