
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے اور یورپ کے چھ اہم ممالک کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک رابطے کیے ہیں، جن میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، قطر، مصر اور فرانس شامل ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عباس عراقچی نے اپنے ہم منصبوں کو حالیہ علاقائی صورتحال اور امریکی حملوں کے جواب میں ایران کی جانب سے کی گئی کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ امریکی اہداف کو نشانہ بنانا ایران کے حقِ دفاع کے تحت کیا گیا اقدام تھا۔ انہوں نے متعلقہ ممالک کو ایران کے مؤقف اور حالیہ پیش رفت سے بھی اعتماد میں لیا۔
دوسری جانب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور امریکا و ایران کے درمیان گزشتہ شب ایک دوسرے کے فوجی اہداف پر حملوں کا تبادلہ ہوا۔
پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان کے مطابق امریکی افواج نے آبنائے ہرمز کے قریب ایک ایرانی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس حملے کے جواب میں ایرانی فورسز نے ایک امریکی، اسرائیلی جہاز پر بحری میزائلوں سے حملہ کیا۔