
آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی کے دوران امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دو ایرانی ڈرونز کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
سینٹکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی افواج نے آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی بحری آمد و رفت کے لیے مبینہ خطرہ بننے والے دو یک طرفہ حملہ آور ڈرونز کو دفاعی کارروائی کے دوران تباہ کردیا۔
امریکی فوج کے مطابق مذکورہ ڈرونز عالمی سمندری ٹریفک اور تجارتی جہاز رانی کے لیے ممکنہ خطرہ تصور کیے جا رہے تھے، جس کے باعث فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا گیا۔
سینٹکام نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ خطے میں موجود امریکی افواج مکمل طور پر چوکس ہیں اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔ بیان کے مطابق امریکی فورسز ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنی پوزیشنز پر موجود ہیں اور دفاعی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب اس دعوے پر ایرانی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر عالمی سطح پر بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔