
شمالی کوریا نے آئندہ پانچ برسوں کے دوران اپنی میزائل پیداوار کی صلاحیت میں نمایاں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ نے ایک جنگی ساز و سامان تیار کرنے والی فیکٹری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہدایت دی کہ ملک کی میزائل پیداوار کو آئندہ پانچ سال میں 2.5 گنا تک بڑھایا جائے۔
رپورٹ کے مطابق دورے کے دوران کم جونگ ان نے دفاعی صنعت کی استعداد بڑھانے اور جدید ہتھیاروں کی تیاری میں تیزی لانے پر زور دیا۔
دوسری جانب اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما جلد ہی چین کے دارالحکومت بیجنگ کا دورہ کریں گے، جہاں ان کی ملاقات چینی صدر سے متوقع ہے۔ اس ملاقات میں دفاعی اور تجارتی تعاون سمیت مختلف علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق بیجنگ پیانگ یانگ کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریبی اور اسٹریٹجک اتحادی کے طور پر تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔