
اسکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی کے کیڈٹس نے آئی ایس پی آر کا یادگار دورہ کیا، جہاں ان کی ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کے ساتھ خصوصی نشست ہوئی۔ اس موقع پر کیڈٹس نے شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔
دورے کے دوران کیڈٹس نے شہداء سے اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار کیا اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سراہا۔
اسکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی کے 300 سے زائد فارغ التحصیل کیڈٹس افواجِ پاکستان کے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ کیڈٹس نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو کیڈٹ کالج بٹراسی کے شہداء کی تصاویر پر مشتمل یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔
یادگاری سووینئر اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ کیڈٹ کالج بٹراسی کے کیڈٹس مادرِ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
اس موقع پر کیڈٹس نے افواجِ پاکستان میں شمولیت کو اپنے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت اور وطن کے دفاع کے جذبے کا اظہار کیا۔ دورے کا مقصد نوجوان نسل میں حب الوطنی، قومی ذمہ داری اور شہداء کی قربانیوں سے وابستگی کے جذبے کو مزید فروغ دینا تھا۔