
وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے ڈی جی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور یہ منصوبہ ساڑھے 5 ارب روپے کی لاگت سے جنوری 2028 میں مکمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان میں وزیراعظم کے اعلان کردہ چار بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں کینسر اسپتال، سیوریج اور سڑکوں کی کشادگی کے منصوبے شامل ہیں۔
وزیر توانائی نے واضح کیا کہ ملک بھر میں طے شدہ منصوبے کے مطابق لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے اور 30 فیصد یا اس سے زائد لائن لاسز والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو بھاری بھرکم بلوں سے بچایا گیا ہے تاہم بجلی چوری کرنے اور بل ادا نہ کرنے والوں کو کوئی ریلیف نہیں دیا جائے گا۔
اویس لغاری نے مزید بتایا کہ ایران اور امریکا کی جنگ کے باعث گیس کی قلت سے بجلی کی پیداوار مہنگی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری والے علاقوں میں ٹرانسفارمرز بند کرنے کے لیے الیکٹرانک پاور مانیٹرنگ سسٹم (ای پی ایم ایس) نصب کیا جا رہا ہے جس سے صرف متعلقہ ٹرانسفارمرز ہی بند کیے جائیں گے، اور اس سسٹم کے نفاذ سے دیگر صارفین متاثر نہیں ہوں گے۔