
’’کھانے پینے کو کچھ نہیں تھا، بس ماوا کھا کر تین دن گزارا کیا۔ اللہ پاک کا شکر ہے، اللہ پاک نے نئی زندگی دی۔‘‘
یہ الفاظ ہیں کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں عمارت گرنے کے حادثے میں معجزانہ طور پر زندہ بچ جانے والے نوجوان عادل کے، جس نے مبینہ طور پر ڈاکٹر کو اپنی آپ بیتی سنائی۔
عادل اپنے دو ساتھیوں عاصم اور جبران کے ہمراہ زیرِ تعمیر عمارت کے کچن میں ماربل لگانے پہنچا تھا، مگر اسے کیا معلوم تھا کہ چند ہی لمحوں میں یہ عمارت ملبے کا ڈھیر بن جائے گی۔
تقریباً 54 گھنٹے تک ملبے میں پھنسے رہنے کے بعد جب ریسکیو اہلکاروں نے عادل کی آواز سنی تو اس تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔
حیران کن بات یہ ہے کہ اتنے طویل عرصے تک ملبے میں دبے رہنے کے باوجود نوجوان کے جسم پر بظاہر کوئی بڑا زخم یا فریکچر نہیں تھا۔ اسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی حالت تسلی بخش قرار دی۔
عادل نے اپنی جان بچانے والے ریسکیو اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اس کے دونوں ساتھی بھی ملبے میں اس کے ساتھ موجود اور خیریت سے تھے، تاہم امدادی ٹیمیں اب تک ان تک نہیں پہنچ سکی ہیں۔
یاد رہے کہ 25 نومبر کو کراچی ایڈمن سوسائٹی کے بلاک 4 میں چھ منزلہ زیرِ تعمیر عمارت اچانک زمین بوس ہوگئی تھی، جہاں حادثے کے وقت 20 سے زائد مزدور کام کررہے تھے۔
عادل کی بحفاظت واپسی نے ملبے میں پھنسے دیگر افراد کے اہل خانہ کے دلوں میں بھی امید کی ایک نئی کرن روشن کردی ہے۔