
سی آئی ڈی کے دوسرے سیزن کی حالیہ قسط میں اے سی پی پردھیومن جس کا کردار اداکار 'شیواجی ستم' نے نبھایا، ان کی موت ہوجاتی ہے اور ان کا کیس حل کرنے نئے اے سی پی ایوشمان آئے ہیں اور یہ کردار اداکار پارتھ سمتھان ادا کر رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پارتھ سمتھان ٹیلی ویژن ڈراموں میں رومانوی ہیرو کا کردار ادا کرتے ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ خود بھی اس شو کے بچپن سے مداح رہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں پارتھ نے اس طرح کے یادگار اور تاریخی کردار کو سنبھالنے کی بہت بڑی ذمہ داری کا اظہار کیا۔انہوں نے بتایا کہ جب انہیں اس کردار کی پیشکش ہوئی تو وہ اسے قبول کرنے میں ہچکچا رہے تھے تاہم، اپنے گھر والوں سے اس پر بات کرنے کے بعد انہوں نے یہ آفر قبول کرلی۔ اداکار نے کہا کہ پہلے تو ان کے گھر والے سمجھے کہ وہ مذاق کررہے ہیں لیکن بعدازاں انہوں نے یقین کرلیا، گھر والوں نے مجھ پر فخر محسوس کیا، میرا کردار بالکل نیا اور کہانی نئی ہوگی۔پارتھ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں اس شو کا حصہ بنا ہوں۔ واضح رہے کہ سی آئی ڈی کے پرومو میں اے سی پی پردھیومن کی موت نے مداحوں کو خاصہ دلبرداشتہ کیا ہے اور مداحوں نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے پردھیومن کے کردار کو واپس لانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔