
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے رواں سال انڈیا کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔بدھ کو لاہور میں ورلڈ کپ کوالیفائر ایونٹ میں پاکستان ویمنز نے تھائی لینڈ کو ہرادیا اور مسلسل چوتھی کامیابی کے ساتھ میگا ایونٹ تک رسائی حاصل کرلی۔ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق گرین شرٹس نے چھ وکٹ پر 205 رنز بنائے جس کے جواب میں تھائی لینڈ کی ٹیم 118 رنز ہی بناسکی۔تھائی لینڈ کے خلاف پاکستان ویمنز کی تین وکٹیں 47 رنز پر گر گئیں اس کے بعد سدرہ آمین نے 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔کپتان فاطمہ ثنا نے 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور چھ وکٹ پر 205 تک پہنچایا۔ان کے علاوہ منیبہ علی 18 اور سدرہ نواز نے 11 رنز بنائے۔206 رنز کے تعاقب میں تھائی لینڈ کی کوئی بھی بیٹر پاکستانی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکی، ایک ایک کر کے وکٹیں گرتی چلی گئیں اور پوری ٹیم 118 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔اس موقع پر پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ ’ہماری کوشش تھی کہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں اور اسی کے لیے محنت کی۔‘میڈیا سے گفتگو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ریورس سوئنگ پر بہت کام کیا، بولنگ کوچ جنید خان نے بڑی مدد کی، ایسا نہیں ہے کہ صرف سپنرز وکٹیں لیتے تھے، فاسٹ بولرز بھی وکٹیں لیتے تھے، پہلے ٹیم میں صرف ایک پیسر کھیلتی تھی، اب ٹیم میں دو فاسٹ بولرز ہیں، میرا ماننا تھا کہ ٹیم میں دو فاسٹ بولرز ہونے چاہیے۔‘