
خیبر پختونخوا اسمبلی میں بانی تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ بی بی کو مادر ملت ٹو کا لقب دینے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔
جمعہ کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران حکومتی رکن عبدالسلام آفریدی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ علیمہ بی بی غیر سیاسی اور ایماندار شخصیت ہیں وہ اپنے بھائی کے کیس کی پیروی کے سلسلے میں اڈیالہ عدالت آئی تھی جس پر بزدلانہ حملہ کیا گیا جو کہ ملک کی بدنامی کا باعث بنا، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کے بھائی عمران خان ایک ناحق کیس میں قید ہیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلے بھی مادر ملت فاطمہ جناح کے ساتھ ایسا ہوا تھا علیمہ خان کو بھی مادر ملت ٹو کا لقب دیا جائے، جس طرح فاطمہ جناح بھائی کے ساتھ تحریک پاکستان کے لیے کھڑی تھی اسی طرح علیمہ خان بھی ملک میں حقیقی آزادی کے لیے اپنے بھائی عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔